نئی دہلی،3؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )پچھلی شب مسجد فتحپوری چاندنی چوک کے شاہی امام ڈاکٹر مفتی مکرم نقشبندی کا صلاوۃ تراویح میں ختم قرآن شریف مکمل ہونے پرتقریب منعقد ہوئی ۔جس میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبد الباسط سمیت پاکستانی سفارتکاروں کے علاوہ وزیر خوراک ورسدعمران حسین، بلیماران کے کو نسلر محمد صادق نے شر کت کی۔اس موقع پر مصلیان نے بھی شاہی امام کو بغل گیرہوکرمبارکباددیتے ہوئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔اس موقع پر عبد الباسط نے اپنے خطاب میں شاہی امام ڈاکٹر مکرم نقشبندی کومبارکباد پیش کی اور کہاکہ آج جو بھی امت میں بگاڑ پیدا ہو رہا ہے وہ سب قرآن سے دوری کے باعث ہے ، اسی لئے ہمیں چاہئے کہ قرآنی تعلیمات پرعمل کریں ۔عبد الباسط نے مزید کہاکہ اللہ رب العزت کے کلام میں بڑی برکت اوررحمت ہے اگر ہم قرآن کے احکامات کی روشنی میں زندگی گزاریں تو ہمارے تمام مسائل ،پریشانیاں اورآفتیں دور ہوسکتی ہیں اور ساتھ ہی قرآن کریم کی بدولت ہی دنیا میں امن وامان اوربھائی چارگی قائم ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹر مکرم احمد نے قرآن کی عظمت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جہاں قرآن کریم کی تلاوت ہوتی ہے، وہاں رب العالمین کی رحمتوں وبرکتوں کا نزول ہوتا ہے اورجو شخص قرآن شریف سے محبت کرتا رب تعالی اس سے محبت کرتا ہے۔ ڈاکٹر مفتی مکرم نے یہ بھی کہاکہ قرآن کریم پوری انسانیت کیلئے باعث رحمت وبرکت ہے اورقرآن کریم و روزہ دوایسے عمل ہیں جو کل قیامت میں بندے کی شفاعت کا ذریعہ بنیں گے۔ عمران حسین نے بھی شاہی امام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صحت وتندرستی کے ساتھ لمبی عمرکی دعادی۔عالم اسلام میں امن وامان وملک میں اخوت وبھائی چارگی بالخصوص قرآن شریف کی مقبولیت کیلئے خصوصی طورپر دعاء کی گئی اورشیرینی کے تقسیم تقریب اختتام پذیر ہوئی۔خصوصی شرکاء میں مولانا قاری انس مسعودی،حافظ وقاری سعد،حماد ایڈووکیٹ،حافظ غفران آفریدی کے علاوہ کافی تعدادمیں مختلف علاقوں کے باشندے موجودتھے۔